پانڈیاکی منگنی سے والد بھی بے خبر

   

نئی دہلی۔7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نئے سال کے پہلے دن ہندوستان کے اسٹارآل راؤنڈرہاردک پانڈیا نے اداکارہ نتاشا اسٹان کووچ سے منگنی کرکے نہ صرف مداحوں کو بلکہ اپنے افراد خاندان کوبھی حیران کردیا۔ ہاردک پانڈیا کے والد ہمانشونے کہا کہ افراد خاندان کواس بات کا بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ہاردک پانڈیا منگنی کرنے والے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہاردک پانڈیا کے افراد خاندان کونتاشا پسند ہے۔ اس ہندوستانی آل راؤنڈرکے والد نے اپنی ہونے والی بہوکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نتاشا بہت اچھی لڑکی ہے۔ ممبئی میں وہ کئی باران سے مل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ یہ توجانتے تھے کہ ہاردک پانڈیا اورنتاشا دبئی چھٹی پرجارہے ہیں لیکن اس بات کا بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ وہ منگنی کرنے والے ہیں۔ اس خبرسے پورے افراد خاندان حیران ہے۔ منگنی کے بعد خاندان کوان کے بارے میں پتہ چلا۔