ممبئی۔13 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے ہندوستان اے ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔گزشتہ دنوں ہی ہاردک پنڈیا نے سوشل میڈیا پر اپنی مصروفیت کا اعلان کیا تھا اور بہت زور شور سے ٹیم میں واپسی کرنے کی بات کہی تھی، لیکن اب سلیکشن کمیٹی نے انہیں ہندوستان اے ٹیم سے بھی باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔ہاردک پانڈیا کو فارم حاصل کر کے اعتماد پیدا کرنے کے مقصد کے تحت ٹیم میں جگہ دی گئی تھی، جس سے بعد میں انہیں نیوزی لینڈ کے بہت ہی اہم دورے کے لئے سینئر ٹیم میں جگہ دی جا سکیتاہم وہ فٹنس ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔ پانڈیا کو ہندوستان اے ٹیم سے باہر کرنے کے بعد اب یہ بھی بحث ہونی شروع ہو گئی ہے کہ وہ شاید ہی نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے سینئر ٹسٹ، ونڈے یا ٹی 20 ٹیم کا حصہ بن سکیں۔ پانڈیا کو دراصل ممبئی میں فٹنس ٹسٹ میں ناکام ہونے کے بعد انڈیا اے کی ٹیم سے باہر کیا گیا۔ پانڈیا کی جگہ اب آل راؤنڈر وجے شنکر کو انڈیا اے کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پانڈیا کے ناکام ہونے کے بعد کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آپریشن کے بعد کافی وقت ملنے کے باوجود پانڈیا فٹنس ٹسٹ کی تیاری کیوں نہیں کر سکے؟ سوال یہ کہ اب جب نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے سینئر ٹیم میں بھی ان کے نہ منتخب ہونے کا امکان ہے، تو ان کے آگے ٹیم میں واپسی کے آثار کیا ہیں؟ ۔