پانڈیا فٹ، جنوبی افریقہ سیریز سے ٹیم میں واپسی کا امکان

   

ممبئی۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں جدوجہد کر رہی ہے، تو اس درمیان ایک راحت دینے والی خبر آئی ہے۔ زخموں کی وجہ سے صحت یابی کے بعد پانچ ماہ بعد آل راؤنڈرہاردک پانڈیا میدان پر واپسی کے لئے تیار ہیں۔ پانڈیا کو اس زخم کی لندن میں سرجری بھی کروانی پڑی تھی۔26 سالہ آل راؤنڈر ڈی وائی پاٹل ٹی 20 ٹورنمنٹ میں ریلائنس ون کے لئے کھیلتے نظر آئیں گے۔ وہ اس ٹورنمنٹ میں تین میچ کھیلیں گے ۔ پانڈیا نے ہندوستان کے لئے آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ سال 22 ستمبرکو بنگلور میں کھیلا تھا۔ ایک مشغول شیڈول میں جہاں ہندوستان نے محدود اوورز کے کئی مقابلے کھیلے وہیں ٹیم کو آل راونڈر کی خدمات دستیاب نہیں تھی ۔امید ہے کہ قومی سلیکٹر پانڈیا کی ترقی کو دیکھنے کے لئے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم جائیں گے۔ اگر پانڈیاجنہوں نے 11 ٹسٹ، 54 ونڈے اور40 ٹی 20 کھیلے ہیں، اپنی فٹنس ثابت کر دیتے ہیں تو انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف 12 مارچ کو شروع ہو رہی ونڈے سیریز کے لئے منتخب کیا جا سکتا ہے۔