پانڈیا کو بہترین آل راؤنڈربنانے عبدالرزاق کی پیشکش

   

کراچی ۔ 29جون (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے ہندوستانی آل راؤنڈرہارڈک پانڈیا کی خامیوں کو درست کرنے کے لیے اپنی کوچنگ خدمات کی پیشکش کردی۔ پانڈیا اس وقت ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ ورلڈکپ میں ٹیم کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں عبدالرزاق نے کہا کہ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستانی ٹیم کی بیٹنگ دیکھی، تاہم اس دوران بولنگ آل راؤنڈر پانڈیا کی بیٹنگ کا بغور جائزہ لیا۔ عبدرالرزاق نے کہا کہ ان کی بیٹنگ کے دوران کچھ خامیاں دکھائی دیں جنہیں وہ دورکر سکتے ہیں۔ انہوں نے بی سی سی آئی کو پیشکش کی کہ اگر وہ پانڈیا کی دبئی میں صرف 2 ہفتے کے لیے کوچنگ کرتے ہیں تو وہ دنیا کا نمبر ایک آل راؤنڈر اورہٹر بن سکتا ہے۔ عبدالرزاق نے کہا کہ پانڈیا جب بڑے شاٹ لگانے کی کوشش کر رہے تو ان کے جسم کا توازن، ان کے پیروں کی حرکت اور بیٹ چلانے میں کافی خامیاں دکھائی دیں۔