ممبئی ۔ ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں۔ آئی پی ایل 2024 میں ان کی کپتانی میں ممبئی انڈینز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم رہی ۔ ان کی بیٹنگ اور بولنگ بھی کام نہ آئی اور نتیجہ یہ نکلا کہ اب ان کے خلاف ماحول سخت ہوگیا ہے۔ اب ہاردک پانڈیا کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ بی سی سی آئی سکریٹری جئے شاہ نے ہاردک پانڈیا پر بڑا بیان دیا ہے۔ جے شاہ نے کہا کہ ہاردک پانڈیا اب ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے۔ اس معاملے پر ان سے بات ہوئی ہے اور وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ ہاردک پانڈیا نے آخری بار ڈومیسٹک کرکٹ سال 2018-19 میں کھیلی تھی۔ اس کے بعد وہ یا تو آئی پی ایل میں کھیلتے ہیں یا پھر ٹیم انڈیا کے لیے کھیل رہے ہیں۔ ہاردک پانڈیا گزشتہ 2-3 سالوں میں کافی زخموں کا شکار ہو چکے ہیں اور اس کی وجہ سے انہوں نے خود کو ڈومیسٹک کرکٹ سے دورکر لیا تھا۔ یہ سوال سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے بھی اٹھایا کہ ہاردک کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کرنی چاہئے لیکن اب بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ گریڈ اے کے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ ہاردک پانڈیا کو پہلے ہی فرسٹ کلاس کرکٹ نہ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ بی سی سی آئی نے پانڈیا کے کام کے بوجھ کو سنبھالنے کے لیے یہ قدم اٹھایا تھا اب دیکھنا یہ ہے کہ پانڈیا کب ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے اور ورلڈ کپ میںبھی ان پر نظریں ہوںگی۔