پانڈیا کھیلنا چاہتے ہیں تو اُن کو ٹیم میں ہونا چاہئے : چیاپل

   

ممبئی: آسٹریلیا کے سابق عظیم کھلاڑی ایان چیاپل نے اندور ٹسٹ میں ہندوستان کی 9 وکٹ سے شکست کے بعد ہاردک پانڈیا کی ٹیم سے غیر موجودگی پر سوال اٹھایا ہے ۔ چیاپل نے ای ایس پی این کرک انفو کے ایک پروگرام میں کہا کہ میں سمجھ نہیں پارہا ہوں کہ ہاردک پانڈیا ٹیم میں کیوں نہیں ہیں۔ لوگ کہتے رہتے ہیں کہ وہ اتنی گیندبازی نہیں کر سکتے ۔ لیکن کیا آپ ڈاکٹروں کی بات سن رہے ہیں یا کرکٹرز کی ؟ اگر پانڈیا کھیلنا چاہتے ہیں تو انہیں ہندوستانی ٹیم میں ہونا چاہئے۔ وہ ایک اچھے بیاٹر ہیں۔ وہ اچھی گیند بازی کرتے ہیں اور بہترین فیلڈر بھی ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ پانڈیا نے ہندوستان کیلئے اپنا آخری ٹسٹ 2018میں کھیلا تھا۔ تجربہ کار آل راؤنڈر پانڈیا محدود اوورز کی کرکٹ میں ہندوستانی ٹیم کا لازمی حصہ ہیں، مگر وہ کمر کی چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد سے ٹسٹ کرکٹ کیلئے پوری طرح فٹ نہیں ہیں۔ چیاپل نے کہا کہ تیسرے ٹسٹ میں آسٹریلیا کی جیت کی ایک وجہ کیمرون گرین بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آسٹریلیا کو فائنل الیون میں صحیح توازن قائم کرنے کیلئے گرین کی ضرورت تھی، اسی طرح ہندوستان کو پانڈیا کی ضرورت تھی۔ ہندوستان روایتی طور پر ڈومیسٹک ٹسٹ میں دو تیز گیند بازوں کے ساتھ کھیلتا ہے ۔ اندور ٹسٹ میں ہندوستانی بیٹنگ لائن اپ کے گرنے سے ٹیم کو ایک اور بلے باز کی ضرورت تھی۔ چیاپل کا خیال ہے کہ ہاردک ضرورت پڑنے پر تیز گیند باز کا کردار ادا کر سکتے ہیں اور بیاٹ سے بھی اپنا تعاون دے سکتے ہیں۔ ہندوستان اس وقت آسٹریلیا کے خلاف چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1سے آگے ہے ۔ سیریز کا چوتھا اور آخری میچ 9 مارچ سے احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔