حیدرآباد ۔ یکم جنوری ( سیاست نیوز) ایس آر نگر پولیس نے ایک آٹو ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جس نے پیاز نہ دینے پر پانی پوری بنڈی والے پر حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پون علاقہ امیر پیٹ میں چاٹ بھنڈار کی بنڈی چلاتا ہے اور کل پانی پوری کھانے کیلئے آٹو ڈرائیور ویرانا وہاں پہنچا تھا ، اُس نے دس روپئے کی پانی پوری دینے کیلئے کہا اور اس کے ساتھ پیاز بھی مانگا ، لیکن پیاز کی مہنگی قیمتوں کے نتیجہ میں چاٹ بھنڈار والے نے پیاز نہ ہونے کی بات بتائی اور آٹو ڈرائیور سے کہا کہ وہ پانی پوری کھارہے نہ کہ بریانی ۔ پیاز مانگنے کی بات دونوں کے درمیان جھگڑے کا سبب بن گئی جس کے نتیجہ میں آٹو ڈرائیور ویرنا نے پون پر آٹو کی آہنی سلاخ سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں پون زخمی ہوگیا ۔پولیس نے آٹو ڈرائیور ویرنا کو گرفتار کرلیا اور اُسے عدالت میں پیش کیا گیا ۔
