موسی ندی میں پانی کا اخراج ۔ دونوںشہروں میں مزید 4 دن بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد 8 اگسٹ (سیاست نیوز) حمایت ساگر میں تیزی سے پانی کی آمد کے پیش نظر محکمہ آبرسانی نے مزید تین دروازے کھول دیئے ۔ حمایت ساگر میں جمع پانی خطرہ کے نشان سے اوپر ہونے کے بعد کل شب محکمہ نے پانی کے اخراج کا فیصلہ کرکے ایک دروازہ کھولا تھا اور گذشتہ شب بارش کے نتیجہ میں پانی کی رفتار میں تیزی سے اضافہ کے بعد آج عہدیداروں نے مزید تین دروازے کھول دیئے اس طرح حمایت ساگر کے جملہ 4 دروازے ایک فیٹ تک کھولتے ہوئے موسیٰ ندی میں پانی کا اخراج شروع کیاگیا ۔محکمہ آبرسانی کی تفصیلات کے مطابق 1400 کیوزک پانی موسیٰ ندی میں چھوڑا جا رہا ہے جبکہ کل شب حمایت ساگر کی سطح آب میں اضافہ کے بعد ایک دروازہ کھولتے ہوئے 339 کیوزک پانی کی نکاسی کا فیصلہ کیاگیا تھا لیکن آج حمایت ساگر میں 1500کیوزک پانی کے اضافہ کے بعد کئے گئے بعد 1391 کیوزک پانی خارج کیا جا رہا ہے ۔ حمایت ساگر دروازوں کو کھولتے ہوئے پانی کے اخراج کے بعد حمایت ساگر کٹہ پر سیاحوں کی آمد پر پابندی عائد کردی گئی جس کے سبب سیاحوں میں جو دروازوں کی کشادگی کے بعد پانی کے بہاؤ کا منظر دیکھنے پہنچے تھے انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ حمایت ساگر سے موسیٰ ندی میں پانی کے اخراج کے دوران 8اگسٹ کی شب دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں دوبارہ بارش شروع ہوئی ۔ رات کے اوقات میں بارش کے ساتھ ہی شہر کی کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں لیکن ٹریفک معمول کے مطابق رہی۔ محکمہ موسمیات سے دونوں شہروں میں آئندہ 4یوم بارش کے امکانات کے پیش نظر ’حیدرا‘ بلدیہ حیدرآباد‘ آبرسانی و محکمہ برقی کی ٹیموں کو متحرک رکھا گیا جبکہ ضلع کلکٹر ڈی ہری چندنا نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ نشیبی علاقوں پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اقدامات کئے جاسکیں۔ کل بارش سے متاثرہ علاقوں کا آج وزیر مسٹر پونم پربھاکر و کمشنر ’حیدرآباد اے وی رنگا ناتھ ‘ کمشنر سائبر آباد ابھیشک موہنتی ‘ کلکٹر حیدرآباد ہری چندنا داسری و مئیر حیدرآباد نے دورہ کرکے تفصیلات حاصل کیں۔3