پانی کے تحفظ کیلئے وسیع پیمانہ پر شعور بیداری ضروری

   

Ferty9 Clinic

کریم نگر میں جل شکتی ابھیان سے متعلق اجلاس ، کلکٹر اور مرکزی نوڈل عہدیدار کا خطاب
کریم نگر۔/17 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جاریہ سال موسم برسات میں فیصد بارش و زیر زمین سطح آب میں ہورہی مسلسل کمی کے مدنظر جل شکتی ابھیان کا آغاز کیا گیا ۔ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر سرفراز احمد نے بروز پیر کلکٹریٹ کانفرنس ہال میںکیا۔ جل شکتی ابھیان کے اراکین مرکزی کمیٹی مرکزی نوڈل عہدیدار ایس پی سنگھ، بلاک نوڈل عہدیدار امرا سنگھ، ٹیکنیکل نوڈل عہدیدار ساؤربھ شرن ، سنتوش آئی اے ایس ، ضلعی عہدیداران ، ایم پی ڈی اوز کے ہمراہ منعقد کئے گئے انٹراکٹیو پروگرام کی ضلع کلکٹر کریم نگر سرفراز احمد نے صدارت کی۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت پانی کے تحفظ ، بارش کے پانی کے انضمام کیلئے جل شکتی ابھیان کو متعارف کیا جسکا آغاز یکم جولائی کو کیاگیا۔ اس اسکیم کے تحت ذرائع آب کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے استفادہ کرنے اور پانی کے تحفظ کے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کے مقصد سے اراکین مرکزی کمیٹی ضلع کا دورہ کریں گے اور کئے جارہے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ مرکزی حکومت کو پیش کریں گے۔ اس ضمن میں ضلع کریمنگر کو پہنچی ٹیم اگلے چار دنوں میں ضلع کے مختلف منڈلوں ، دیہاتوں کا دورہ کرے گی۔

ضلع کلکٹر نے مہمانان کو ضلع کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کریم نگر کا رقبہ 2128 کیلو میٹر ہے ۔ضلع کی آبادی 1005711 پر مشتمل ہے۔ ضلع میں 16 منڈلس (بلاک) ہیں۔ ضلع میں چیگورمامیڈی ، چپہ دنڈی، گنگادھرا، گنیورم ، راماڈاگو کے تحت 5 منڈلوں میں فارم فاڈس ، سوفیٹس ، پانی کے تحفظ کیلئے گڑھے اور بڑے پیمانے پر شجرکاری کی گئی۔انہوں نے مزید کہاکہ جل شکتی ابھیان مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔ انہوں نے اس اسکیم کی موثر عمل آوری کیلئے عہدیداران کو خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی صلاح دی۔مرکزی نوڈل عہدیدار ایس پی سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جل شکتی ابھیان اسکیم میں عوام کی شرکت لازمی ہے۔ دیہاتوں میں پانی کے تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر شعور بیدار کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی صلاح دی۔ عوام کے تعاون سے ہی جل شکتی ابھیان اسکیم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اراکین ٹیم ضلع کادورہ کرتے ہوئے دیہاتوں کے حالات کاجائزہ لیں گے اور ذرائع آب کے استفادہ کیلئے رپورٹ تیار کریں گے۔ اس اجلاس میں ضلع دیہی ترقی ڈی ڈی وینکٹیشور راؤ ، ضلع زرعی عہدیدار سریدھر ، ضلع پنچایتی عہدیدار پون کمار ، محکمہ سمکیات کے نائب تحصیلدار قدیر و دیگر نے شرکت کی۔