وائرس کو روکنے عوامی مقامات پر تھوکنے پر سخت کارروائی ، حکومت تلنگانہ کے احکامات
حیدرآباد۔8اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے فوری اثر کے ساتھ پان ‘ گٹکھااور تمباکو و تمباکو کے بغیر چبائے جانے والے اشیاء پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ حکومت نے صفائی کو یقینی بنانے کے لئے عوامی مقامات پر تھوکنے کی عادات کو ترک کروانے اور عوامی مقامات پر کوئی شئے نہ تھوکی جائے اس کے لئے ان تمام اشیاء کے استعمال پر امتناع عائد کردیا ہے جس کے چبانے سے تھوک نکلتا ہے اور لوگ سڑکوں اور عوامی مقامات پر تھوک دیتے ہیں۔ اسپیشل چیف سیکریٹری برائے حکومت تلنگانہ مسٹر اے شانتی کمار کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں عوامی مقامات پر تھوکنے پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے لازمی ہے کہ ریاست کے عوام میں شعوراجاگر کیا جائے اور اسی لئے ریاست میں ان تمام اشیاء کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے جن میں چیونگ گم بھی شامل ہیں۔ شمالی ہند کی بیشتر ریاستوں میں حکومتوں کی جانب سے اس سلسلہ میں پہلے ہی اقدامات کئے جاچکے ہیں اور عوامی مقامات پر تھوکتے ہوئے پائے جانے کی صورت میں بھاری چالانات کا انتباہ دیا گیا ہے۔حکومت تلنگانہ کے اعلامیہ میں کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے اور کسی مدت کا تعین نہیں کیا گیا ہے اور اس بات کو واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی طرح کے تمباکو اور چیونگ گم کا استعمال تا حکم ثانی ممنوع قرار دیا جاچکا ہے ۔ احکامات میں اس بات کی وضاحت کی جاچکی ہے کہ ان احکامات کو فوری اثر کے ساتھ نافذ کیاجائے اور اس سلسلہ میں تمام ضلع کلکٹرس کے علاوہ کمشنران بلدیہ کو بھی مکتوب روانہ کیا جاچکا ہے اور احکام کی نقل روانہ کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ جو عوامی مقامات پر ان اشیاء کا استعمال کرتے ہوئے نظر آئے ان کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ ریاست تلنگانہ میں تمباکو کی اشیاء میں زردہ‘ گٹکھا اور کھینی جیسی اشیاء کی فروخت پر امتناع عائد ہے اس کے باوجود یہ اشیاء برسر عام فروحت ہوتی ہیں لیکن اب حکومت کی جانب سے ریاست میںان کے عوامی مقامات پر استعمال پر عائد کی جانے والی پابندی سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ حکومت بھی اس بات سے واقف ہے کہ ریاست میں یہ اشیاء اب بھی فروخت کی جا رہی ہیں۔ اعلامیہ میں عام مقامات پر تھوکنے کے عمل کو غیر صحتمندانہ قرار دیا گیا ہے۔