پان شاپس کو کھولنے نہیں دیا گیا ، تمام تجارت کی کشادگی کے باوجود رکاوٹ

   

Ferty9 Clinic

جی ایچ ایم سی سے بھاری چالانات ، تمباکو پر مکمل امتناع عائد کرنے کی تیاریوں کا احساس
حیدرآباد۔28مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں تمام دکانات کھولنے کی اجازت کے باوجود شہر میں پان شاپس کو اب تک کھولنے نہیں دیا جا رہاہے اور نہ ہی ان کی سرگرمیوں کی اجازت دی جا رہی ہے حالانکہ ریاستی حکومت کی جانب سے مالس کے علاوہ مابقی تمام تجارتی اداروں کو کھولنے کی اجازت فراہم کردی ہے اور شہر حیدرآباد میں پان کے ڈبوں پر ہزاروں خاندانوں کا انحصار ہے لیکن اس کے باوجود ان کے کاروبار کی کشادگی کی اجازت کے سلسلہ میں واضح احکام نہ ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے کھولنے پر انہیں بھاری چالانات کئے جانے لگے ہیں جو کہ ان کیلئے تکلیف دہ ثابت ہورہا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام اضلاع میں تمباکو کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے سلسلہ میں کوئی احکام جاری نہیں کئے ہیں بلکہ سڑکوں پر جابجا تھوکنے پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ ایسا کرنے والو ںپر جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے لیکن اس کے باوجود شہر حیدرآباد میں پان شاپس کو کھولنے کی اجازت نہ دئیے جانے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تمباکو پر مکمل امتناع عائد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں کیونکہ حکومت نے تاحکم ثانی ان تمام اشیاء پر مکمل امتنا ع عائد کیا ہوا ہے جن کے چبانے سے تھوکنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود شہر میں گٹکھا ‘ پان اور تمباکو کی کالا بازاری جاری ہے ۔پان کے ڈبوں کو کھولنے کی اجازت دینے کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکا کہناہے کہ جب حکومت کی جانب سے تمام تجارتی ادارو ںکو کھولنے کی اجازت فراہم کی جاچکی ہے تو اس کیلئے علحدہ احکام کی ضرورت نہیں ہے لیکن ان پان کے ڈبوں پر ممنوعہ اشیاء کی فروخت کی صورت میں انہیں مہر بند کیاجاسکتا ہے اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جاسکتی ہے۔اسی لئے ان پان شاپس ان اشیاء کی فروخت نہ کی جائے جن پر حکومت کی جانب سے مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ۔