پاور پلانٹ کی بندش سے غزہ کے دواخانوں میں صورتحال تشویشناک

   

غزہ: اسرائیلی حملوں کے بعد پاور پلانٹ کی بندش سے غزہ کے ہسپتالوں میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی۔فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ کے پاور پلانٹ کی بندش سے بجلی اور پانی کے نظام میں غیر معمولی تعطل آچکا ہے۔ اس لیے اگلے 72 گھنٹوں کو صحت کی بچی کھچی سہولیات کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی کے طور پر الٹی گنتی کا آغا زقرار دیا ہے۔ اس لئے آنے والی ہر گھڑی غزہ میں صحت اورعلاج معالجے کی سہولیات کے لیے نازک ہوتی جارہی۔اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بجلی کی بندش کے بعد غزہ کے ہسپتالوں اور کلینکس میں ایمرجنسی وارڈز ، انتہائی نگہداشت کے یونٹس، آپریشن تھیٹرز میں سرجری کا کام مشکل تر جبکہ ڈائیلاسز کی سہولیات اور کلینیکل لیبارٹریز کی فعالیت مشکل ہو چکی ہے حتی کہ ہسپتالوں میں نرسری اور لانڈریز تک کی سروسز متاثر ہو گئی ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق مریضوں کے لیے آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی تک متاثر ہوچکی ہے۔فلسطینی وزارت صحت نے بیت جنون کے چیک پوائنت کی بندش سے مریضوں کی منتقلی کا عمل بھی متاثر ہوا۔ بیت حنون کی بندش سے مریضوں کی خراب حالت یا بیماری کے باعث انہیں بیرون ملک کے بہتر ہسپتالوں میں منتقل کرنے میں رکاوٹ آچکی ہے۔