پاپلر فرنٹ انڈیا کی ٹیم نے بی جے پی لیڈر کی آخری رسومات انجام دی

   

پی ایف آئی کی انسانیت نوازی نے مخالفین اور زہرافشانی کرنے والوں کی زبان بند کردی

حیدرآباد: پاپلر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) نے اپنی ازلی دشمن تصور کی جانے والی بی جے پی پارٹی کے لیڈر کی آخری رسومات کو انجام د یا۔ ایک ایسے وقت پی ایف آئی کی ٹیم نے یہ کام انجام د یا جب اس لیڈر کے افراد خاندان ہوم کورنٹائن میں تھے اور پارٹی کے افراد تیار نہیں تھے۔ ریاست کرناٹک کے گنگاوتی میں 54 سالہ بی جے پی لیڈر سوماشیکھر گوڑا کی کوویڈ۔19 کے سبب موت ہوگئی اور اس کی آخری رسومات کو انجام دینے کیلئے کوئی آگے نہیں آیا۔ اس بات کی اطلاع پاکر پاپلر فرنٹ آف انڈیا کی ٹیم نے آگے بڑھ کر یہ کام انجام دیا۔ تمام طبی مشوروں اور احتیاطی اقدامات اور شرائط کے دائرے میں پی ایف آئی کی ٹیم نے گوڑا کی ان کے عقیدے لنگایت طریقہ کار کے لحاظ سے آخری رسومات انجام دیتے ہوئے مخالفین کو زبردست پیغام دیا۔ اس تعجب خیز اقدام سے پاپلر فرنٹ آف انڈیا نے اس کے خلاف چلائے جانے والی مہم اور زہرافشانی کا انسانی پیغام دیتے ہوئے تمام مخالفین کی زبان بند کردی۔ بتایا جاتا ہیکہ سوماشیکھر گوڑا کرناٹک بی جے پی کے اہم لیڈر تھے اور ان کی پارٹی سے کسی نے یہ رسومات انجام دینے کی ہمت نہیں جٹائی۔ مرض کے خوف سے پارٹی قائدین نے بھی آخری لمحوں میں عملاً لاتعلقی ظاہر کی اور اس بی جے پی لیڈر کو نازک وقت میں ان کے مخالفین سمجھے جانے والے پاپلر فرنٹ آف انڈیا نے سہارا دیا اور انہیں کے مذہبی عقائد کے مطابق بی جے پی لیڈر کی آخری رسومات انجام دیں۔ اس وقت ان کے اس کاز میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن مخالفین ناکام رہے۔ پاپلر فرنٹ آف انڈیا کے ضلع صدر ظہیر عباس نے بتایا کہ لاک ڈاؤن سے تاحال پی ایف آئی نے سینکڑوں افراد کی مدد کی اور آخری رسومات کو انجام دیا۔ پی ایف آئی کی ٹیم پریشانی کے اس دور میں مسلسل عوامی خدمات میں جٹی ہوئی ہے جو ہر کام بلالحاظ مذہب بخوبی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے اسی انسانیت دوست امن کو عام کرنے والے پیغام میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے پونے میونسپل کارپوریشن سے سابق وزیراعلیٰ مہاراشٹرا دیویندر فڈنویز کی جانب سے دباؤ ڈالنے کے بیان کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ پی ایم سی کو پی ایف آئی کو خدمات سے روکنے کی ہدایت دی تھی۔ پی ایف آئی نے اپنی خدمات کو جاری رکھتے ہوئے انسانیت کے پیغام کو امن کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔