پاپولر فرنٹ کے آٹھ اراکین کو ملی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ میں 30 اکتوبر کو ہوگی سماعت

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ جمعہ کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کیس میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے آٹھ ارکان کو ضمانت دینے کے مدراس ہائی کورٹ کے فیصلہ خلاف این آئی اے کی درخواست پر سماعت کرنے پر راضی ہوگیا ہے۔ عدالت عظمی 30 اکتوبر کو اس کیس کی سماعت کرے گی۔ این آئی اے نے اپیل میں دعویٰ کیا ہے کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) ایک انتہا پسند اسلامی تنظیم ہے اور اس کو ‘خطرناک عزائم’ کے ساتھ تشکیل دیا گیا ہے، جس کا مقصد ‘وژن انڈیا 2047’ کے تحت شرعی قانون کو نافذ کرکے ملک میں مسلم حکمرانی قائم کرنا ہے۔جسٹس سنجے کشن کول، جسٹس سدھانشو دھولیا اور جسٹس منوج مشرا پر مشتمل بنچ میں این آئی اے کی درخواست فوری سماعت کے لئے لسٹ کیا گیا ہے۔ این آئی اے کی طرف سے پیش ہوئے ایڈوکیٹ رجت نائر نے سپریم کورٹ سے آج دن میں اس کیس کی سماعت کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ ہائی کورٹ نے جمعرات کو آٹھ ملزمان کو ضمانت دے دی۔