اقوام متحدہ۔ 30 اگست (یو این آئی) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ روس یوکرین تنازعہ کے حل کی پرامن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مسقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے یوکرین میں انسانی جانوں کے ضیاع اور سفارتی وثقافتی اداروں کو پہنچنے والے حالیہ نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے خطاب میں کہا کہ عالمی قوانین واضح ہیں اور اس پر عمل درآمد لازم ہے ، تمام ارکان کو ویانا کنونشن کا احترام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے تنازعہ کے حل کے لیے کردار کو سراہتے ہیں، امریکہ اور روس کے درمیان اعلیٰ سطح رابطے خوش آئند ہیں، امید ہے روس یوکرین کے رابطوں کا مثبت نتیجہ آئے گا۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ روس یوکرین میں امن کی کوششیں رکنی نہیں چاہیے ، تنازعات کے حل کے لیے طاقت کا استعمال مناسب نہیں ہے طاقت کے استعمال سے انسانوں کی تکالیف بڑھتی ہیں، روس یوکرین تنازعہ کے حل کی پرامن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔