قاہرہ : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے دورۂ مصر کے دوران صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، جس میں دفاعی اور سلامتی تعاون، انسداد دہشت گردی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات میں مصری صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ اس موقع پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ جنرل ندیم رضا نے کہاکہ پاکستان بھی مصر سے فوجی تعاون کا خواہاں ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا کی مصری وزیر دفاع، تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں دفاع، سکیورٹی امور سے متعلق بات چیت ہوئی۔