کراچی،8 جولائی (ایجنسیز) پاکستانی اداکارہ حمیرہ اصغر کی اچانک موت اورگھر سے ایک ماہ پرانی لاش ملنے پر شوبز انڈسٹری میں افسوس اور دکھ کا ماحول ہے۔ پاکستانی شوبز سے جڑے افراد کی جانب سے اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی دل دہلا دینے والی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ان کی ساتھی اداکارہ امر خان نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے حمیرا کی موت پرگہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ یہ واقعہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں موجود دباؤ اور ذہنی صحت کے مسائل کی سنگینی کو اجاگرکرتا ہے۔ امر خان نے فنکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کو اولین ترجیح دیں، خود پر مہربان رہیں اور ضرورت پڑنے پر مدد لینے سے نہ گھبرائیں۔ اداکارہ ماورا حسین نے بھی سوشل میڈیا پر حمیرا کی افسوسناک موت پر دْکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ساتھی فنکار ذہنی دباؤ یا کسی مشکل میں مبتلا ہے تو وہ ضرور بات کریں۔انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ سننے، سمجھنے اور بغیر کسی پریشانی کے مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ماورا نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ فنکار ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور ایک مضبوط طبقے کے طور پر اْبھریں۔ شوبز شخصیات کے ان بیانات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انڈسٹری میں ذہنی صحت کے حوالے سے بات چیت کی فوری اور شدید ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ اب سے ایک کچھ دن قبل پاکستان شوبزکی سینئر اداکارہ عائشہ خان کی بھی ان کے فلیٹ سے 2 ہفتہ پْرانی لاش برآمد ہوئی تھی جس پر انڈسٹری حیران اور دکھ میں مبتلا تھی۔ یادرہے کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق حمیرا کا تعلق لاہور سے تھا، ادکارہ کی لاش مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے اور اداکارہ کے افراد خاندان سے رابطہ ہوگیا ہے۔ پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز 6 کی اتحاد کمرشل ایریا میں واقع ان کے فلیٹ سے پراسرار حالات میں برآمد ہوئی۔ ان کی لاش انتہائی سڑی ہوئی حالت میں ملی۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق، حمیرا اصغر کی عمر 30 سے 35 سال کے درمیان تھی اور وہ گزشتہ سات برس سے اس فلیٹ میں تنہا مقیم تھیں۔ ان کی اچانک گمشدگی پر محلے کے افراد نے تشویش کا اظہار کیا اور پولیس کو اطلاع دی۔