پاکستانی انتخابات میں دیہی خواتین رائے دہی کیلئے متحرک

   

اسلام آباد : ماہرین کے مطابق پاکستان میں دیہی علاقوں کی خواتین کے سیاسی طور پر شہری خواتین کی نسبت زیادہ متحرک ہونے کی وجوہات میں تعلیم یا بہتر سماجی حیثیت کے بجائے غربت سے چھٹکارے اور تبدیلی کی خواہش ہے۔ پاکستان 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ملک کے 127 ملین رجسٹرڈ ووٹروں میں سے 58.5 ملین کے قریب خواتین ہیں۔ پاکستان کے قدامت پسند معاشرے میں خواتین ووٹروں کا اندراج مردوں کے مقابلے میں پہلے ہی کم ہے اور روایتی طور پر مردوں کے مقابلے میں خواتین کی انتخابی عمل میں شرکت کم رہی ہے۔ کراچی میں مقیم ایک یونیورسٹی گریجویٹ سعدیہ قمر نے آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کے بارے میں کہا کہ میں نے پچھلے چار عام انتخابات میں کبھی ووٹ نہیں دیا، اور میں اب بھی اپنا ووٹ ڈالنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ قمرسابق سفارت کار اور مصنفہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے لبرل عالمی نظریات اور پاکستانی سیاست کی حقیقت کے درمیان پائے جانے والے فرق سے مایوس ہیں۔