ایجنڈہ میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کا کوئی تذکرہ نہیں
قرارداد میں ضروری تبدیلیوں کے بعد دوبارہ پیش کیا جائیگا : اسمبلی اسپیکر
اسلام آباد ۔6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جو منگل کے روز منعقد ہونے والا تھا لیکن ٹریژری اور اپوزیشن کے درمیان ہندوستان کے خلاف جو قرارداد منظور کی جانے والی تھی ، اُس کی زبان پر پیدا ہوئے اختلافات کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ۔ یاد رہے کہ پیر کے روز حکومت ہند نے کشمیر کو حاصل خصوصی موقف آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا تھا اور اسی موضوع پر مشترکہ اجلاس میں بحث کی جانے والی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق جیسے ہی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی وزیر برائے پارلیمانی اُمور اعظم خان سواتی نے قرارداد پیش کی اور ہندوستان پر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تاہم انھوں نے اس سلسلہ میں ہندوستان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 370کو منسوخ کئے جانے کا کوئی تذکرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے جموں وکشمیر ریاست کو خصوصی موقف حاصل تھا اسی وجہ سے اپوزیشن قانون سازوں نے احتجاج کیا اور اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دی جس کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو اجلاس کا سیشن ملتوی کرنا پڑا تاہم انھوں نے یہ بھی کہاکہ قرارداد میں ضروری تبدیلیوں کے بعد اسے دوبارہ پیش کیا جائے گا ۔ اس کے باوجود بھی اجلاس دوبارہ منعقد نہ ہوسکا کیونکہ فریقین کو اب بھی قرارداد کی ’’زبان‘‘ پر اختلاف تھا ۔ پی ایم ایل ( این ) کے قائد احسان اقبال نے دریں اثناء میڈیا کو بتایا کہ اپوزیشن کو احتجاج کرنے پر صرف اس لئے مجبور ہونا پڑا کیونکہ حکومت نے ہندوستان کی جانب سے جموںو کشمیر کو حاصل خصوصی موقف آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ ہندوستان نے اتنا جرأت مندانہ اور یکطرفہ فیصلہ کرلیا لیکن قرارداد میں اس کا سرے سے تذکرہ ہی نہ کرنا حیرت انگیز ہے اور اسی لئے اپوزیشن کو احتجاج کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔ انھوں نے کہا کہ اس سیشن میں وزیراعظم عمران خان شرکت نہیں کررہے ہیں
جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بیرونی دورہ پر ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہے کہ صدر پاکستان عارف علوی نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں اور ایوان بالا کا مشترکہ اجلاس طلب کیا تھا جس کا ایجنڈہ مندرجہ ذیل نکات پر مشتمل تھا ۔ پاکستانی شہریوں پر ہندوستانی فوج کی بلا اشتعال شلباری ، کلسٹر بموں کا استعمال ، زائد فوج کی تعیناتی اور کشمیر میںجاری ظلم و جبر اور دیگر تازہ ترین صورتحال لیکن آرٹیکل 370 کی منسوخی کا کوئی تذکرہ ہی نہیں تھا ۔ بہرحال اب تک یہ معلوم نہیں ہوا ہے کہ مشترکہ ہنگامی اجلاس دوسرے روز بھی جاری رہے گا یا نہیں ۔
