پاکستانی بولر حسن علی کی 20 اگست کو ہندوستانی لڑکی سے شادی

   

گجرانوالہ۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام)حسن علی پاکستان کے چوتھے کرکٹرہیں، جوہندوستانی لڑکی سے شادی کریں گے۔ اُن سے قبل ظہیرعباس، محسن خان اورشعیب ملک بھی ہندوستانی نژاد لڑکیوں سے شادی کرچکے ہیں۔ہندوستانی نژاد لڑکی سے شادی کو لے کرچل رہی قیاس آرائیوں کوپاکستان کے تیزگیند باز حسن علی نے جمعہ کوختم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 20 اگست کودبئی میں شامیہ آرزو سے نکاح کررہے ہیں۔ دبئی میں مقیم شامیہ آرزوامارات ایر لائنس میں فلائٹ انجینئرہیں جبکہ ان کی فیملی کے لوگ نئی دہلی میں رہتے ہیں۔ حسن علی نے اپنے آبائی شہرگجرانوالہ میں پریس کانفرنس میں کہا ‘ہماری فیملی سادہ تقریب کرانا چاہتے تھے، لیکن اب میڈیا میں اس کی خبریں آگئی ہیں تو میں نے فیصلہ کیا کہ میری شادی کو لے کر کوئی قیاس آرائی نہ ہو’۔
شامیہ کے پاس ہے ایئروناٹکس کی ڈگری
شامیہ آرزوشادی کے بعد پاکستان کے مقام گجرانوالہ میں ہی مقیم ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا ‘ہمارا نکاح 20 اگست کوطے ہوا ہے جبکہ رخصتی تین ماہ بعد ہوگی اورشادی کے بعد ہمارا منصوبہ گجرانوالہ میں ہی رہنے کا ہے’۔ شامیہ نے مانورچنا یونیورسٹی سے ایئروناٹکس کی ڈگری لی ہے اورانہوں نے انگلینڈ میں بھی پڑھائی کی ہے۔ حسن علی نے کہا کہ میں کالی اور لال رنگ کی شیروانی پہنوں گا جبکہ وہ ہندوستانی لباس پہنیں گی’۔
دبئی میں ہوئی تھی دونوں کی ملاقات
حسن علی نے کہا کہ وہ ایک سال قبل دبئی میں شامیہ آرزوسے ملے تھے اور اس ملاقات کے بعد ان کی دوستی گہری ہوتی گئی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا ‘میں نے اپنی پسند کا اظہار پہلے کیا اورانہیں تجویز دی، جس کے بعد ہمارے اہل خانہ نے ذمہ داری لی’۔حسن علی کا پاکستان کے تیزگیند بازوں میں شمارہوجاتا ہے۔
ہندوستانی لڑکی سے شادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کرکٹر
حسن علی پاکستان کے چوتھے کرکٹرہیں، جو ہندوستانی لڑکی سے شادی کریں گے۔ ان سے قبل محسن خان اداکارہ رینا رائے سے شادی کرچکے ہیں۔ شعیب ملک نے ہندوستان کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو اپنی دلہن بنایا۔ وہیں ظہیرعباس نے بھی کانپورکی رہنے والی ریتا لوتھرا سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد ریتا نے اپنا مذہب اورنام تبدیل کرلیا تھا۔ ریتا شادی کے بعد ثمینہ بن گئی تھیں۔