پاکستانی جارحیت بے اثر‘ جموں ‘ پٹھان کوٹ و اودھمپور فوجی ٹھکانوں پر حملے ناکام

,

   

٭ 8 میزائیل داغے گئے ۔ تمام کو ناکارہ بنادیا گیا ۔ دو پاکستانی طیاروں F-16, F-17 کو بھی مار گرادیا گیا ۔ پاکستانی پائلٹ گرفتار ‘کوئی جانی نقصان نہیں
٭ گرداسپور ‘ ترن تارن ‘ جموں ‘ جیسلمیر و سرحدی علاقوں میں مکمل بلیک آوٹ ۔ ہریانہ ‘ راجستھان و پنجاب میں اسکولس بند ۔ جیسلمیر میں دھماکوں کی آوازیں
٭ ہندوستان کا دشمن کو موثر جواب ۔ چندی گڑھ میں برقی بحال ‘ بحیرہ عرب میں بھی آپریشنس شروع ۔ پاکستان کے کئی ٹھکانوں پر نشانے کا منصوبہ

نئی دہلی : پاکستان نے اپنی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج شام ہندوستان میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ پاکستان کی جانب سے گرداسپور ‘ پٹھان کوٹ اور اودھمپور میں فوجی ٹھکانو ں کو نشانہ بناتے ہوئے میزائیل داغے گئے ۔ ہندوستانی فوج نے چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان میزائیلس کو ناکارہ بھی بنادیا ۔ کچھ میزائیل ہوا میں بھی مار گرائے گئے ۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے پاکستان کے دو لڑاکا طیاروں F-16, F-17 کو بھی مار گرانے کا دعوی کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ F-16 طیارہ کے پاکستانی پائلٹ کو حراست میں
بھی لے لیا گیا ہے ۔ حکومت اور ہندوستانی فوج کی جانب سے توثیق کی گئی ہے کہ پاکستان نے ہندوستان کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ میزائیل داغے گئے ہیں تاہم ان کو ناکارہ بنادیا گیا ہے ۔ پاکستان کے ان جارحانہ حملوں میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ ہندوستان کی جانب سے بھی پاکستان کے ان حملوں کی کوشش کے جواب میں موثر جوابی کارروائی کی گئی ہے ۔ پاکستانی فوج کی کارروائی اور ہندوستان کے موثر جواب کے دوران سرحدی علاقوں میں مکمل بلیک آوٹ کردیا گیا ہے ۔ کئی اضلاع ایسے ہیں جہاں مکمل تاریکی ہے اور عوام کو انتہائی احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ جموں ‘ گرداسپور ‘ ترن تارن ‘ کے علاوہ راجستھان اور پنجاب کے کچھ اور علاقوں میں بھی مکمل تاریکی کردی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں بھی بلیک کردیا گیا ہے ۔ اس دوران ہریانہ ‘ پنجاب اور راجستھان میں اسکولس کو چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ حکومت پنجاب نے وضاحت کی ہے کہ رہائشی اور شہری علاقے حملوں کا نشانہ نہیں ہیں ۔ فوج نے کہا ہے کہ مسلح دستوں نے پاکستانی ڈرونس اور میزائیلوں کو نشانہ بناتے ہوئے ناکام بنادیا ہے اور پاکستانی حملوں میں کہیں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ رات دیر گئے چندی گڑھ میں برقی سربراہی بحال کردی گئی ہے تاہم پنجاب کے بیشتر علاقوں میں رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک بلیک آوٹ جاری رکھا گیا ۔ ہندوستان کی برق رفتاری سے کی گئی کارروائیوں سے گھبرا کر پاکستان اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی کوشش کر رہا ہے اور جموں کو نشانہ بناتے ہوئے حملے کر رہا ہے۔تاہم مکمل طور پر چوکنا اور تیار ہندوستانی فوج نے پاکستانی حملوں کو مؤثر طریقے سے پسپا کر دیا ہے۔ ستواری، سانبہ، آر ایس پورہ اور ارنیا سیکٹروں میں پاکستان نے میزائل حملے کیے جن میں ہندوستانی فوج نے بہادری سے پاکستان کے داغے گئے آٹھ میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیا ۔کہا گیا ہے کہ جیسلمیر میں رات دیر گئے دھماکہ کی آوازیں سنیں گئیں۔ ایک بڑا دھماکہ ہوا ۔ کچھ دیر کی خاموشی کے بعد دوبارہ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ علاوہ ازیں رات دیر گئے موصولہ اطلاع کے مطابق بحیرہ عرب میں بھی ہنگامی آپریشنس شروع ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی بحریہ نے ان آپریشنس کا آغاز کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے ہندوستانی بحریہ کا منصوبہ ہے ۔

انڈیا گیٹ کو خالی کروادیا گیا
نئی دہلی : آپریشن سندور کی کامیابی کے بعد پاکستان نے ہندوستان پر حملے کی کوشش کی تاہم ہندوستانی ائر ڈیفنس سسٹم نے تمام حملے ناکام بنادئے ۔ اس دوران ہندوستان و پاکستان کے مابین کشیدگی انتہاء کو پہونچ گئی ہے ۔ 8 مئی کی رات پاکستان نے ایک بار پھر حملے کی ناکام کوشش کی تاہم ہندوستان کے فضائی دفاعی نظام نے پاکستان کا ہر وار ناکام بنادیا ۔ اس دوران سیکیوریٹی وجوہات کی بناء پر دہلی میں واقع انڈیا گیٹ کو خالی کرادیا گیا ۔