پاکستانی سفارتخانہ میں 23 ہندوستانیوں کے پاسپورٹ لاپتہ

   

نئی دہلی۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا کہ اس نے اعلان کردیا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ میں 23 ہندوستانیوں کے پاسپورٹس لاپتہ ہوچکے ہیں جن کے پاس ان دستاویزات کے داخل کرنے کا ثبوت موجود ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ اسے اطلاع ملی ہے کہ جملہ 23 پاسپورٹس پاکستانی سفارتخانہ برائے نئی دہلی میں لاپتہ ہوچکے ہیں۔ لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ ان پاسپورٹس کے غلط استعمال کے انسداد کے لیے تمام پاسپورٹس گمشدہ قراردیئے جاچکے ہیں اور اس کی اطلاع پاسپورٹ کی معلوماتی سائٹ پر بھی شائع کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت روانہ کی گئی ہے کہ متاثرہ افراد کی دوبارہ پاسپورٹس جاری کرنے کے لیے درخواستوں کی یکسوئی کے وقت پوری احتیاط برتی جائے۔ جن ہندوستانیوں کے پاسپورٹس لاپتہ ہوگئے ہیں ان کا تعلق سکھ برادری سے ہے جنہوں نے پاکستان کے سفارتخانہ میں ویزا کے لیے درخواست پیش کی تھی تاکہ وہ کرتار پور صاحب گردوارہ میں حاضری دے سکیں۔ پاکستان میں 3800 سکھ یاتریوں کے لیے ویزا جاری کیئے ہیں۔ وہ گرونانک کی یوم پیدائش تقریب میں 21 نومبر کو حصہ لے چکے ہیں۔