تمام وزرائے اعلیٰ سے وزیرداخلہ امیت شاہ کی بات چیت
نئی دہلی: مرکزی حکومت، جو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف ہمہ جہت کارروائی کر رہی ہے ، نے تمام ریاستوں سے کہا ہیکہ وہ جلد از جلد اپنے اپنے ریاستوں میں موجود پاکستانی شہریوں کی شناخت کریں تاکہ انہیں واپس بھیجا جا سکے ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی اور ان سے کہا کہ وہ اپنی ریاستوں میں پاکستانی شہریوں کی شناخت کریں۔ امیت شاہ نے ان لوگوں کی شناخت کرنے اور انہیں واپس بھیجنے کیلئے کارروائی شروع کرنے کو بھی کہا ہے ۔ انہوں نے ریاستوں سے بھی کہا ہیکہ وہ مرکزی حکومت کو اس بارے میں مطلع کریں تاکہ پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر کے انہیں جلد واپس بھیجا جا سکے ۔ امیت شاہ نے پہلگام حملے کے دن سری نگر کا دورہ کیا تھا تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے ۔ اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کی سیکورٹی امور کی کمیٹی کی میٹنگ میں پاکستان کے خلاف مختلف سطحوں پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہندوستان نے 22 اپریل کے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف سفارتی اور دیگر سطحوں پر کئی اقدامات کیے ہیں۔