پاکستانی صوبہ پنجاب میں 300 تبلیغی ارکان کورونا پازیٹیو

,

   

Ferty9 Clinic

لاہور 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں تبلیغی جماعت کے تقریبا 300 ارکان کورونا وائرس کے شکار پائے گئے ہیں ۔ حکام کی جانب سے ان ہزاروں افراد کا پتہ چلانے اور انہیں قرنطینہ میں بھیجنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جنہوںنے گذشتہ مہینے جماعت کے ایک بہت بڑے اجتماع میںشرکت کی تھی ۔ حکام نے سارے رائے ونڈ شہر ہی کو قرنطینہ میں کردیا ہے جہاں تبلیغی جماعت پاکستان کا ہیڈ کوارٹرس ہے ۔ اس شہر میں کسی کی بھی آمد و رفت کو بند کردیا گیا ہے ۔ ابتدائی و ثانوی نگہداشت صحت محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ڈاٹا کے مطابق اب تک تبلیغی جماعت کے 300 مبلغین جو پنجاب صوبہ کے مختلف شہروں میں ہیں کورونا وائرس ٹسٹ میں پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ان میں بیشتر کا تعلق لاہور کے تبلیغی جماعت مرکز سے بتایا گیا ہے ۔ اس مرکز کو قرنطینہ میں کردیا گیا ہے ۔ تبلیغی جماعت کے ارکان جن دوسرے شہروں میں اس وائر س سے متاثر پائے گئے ان میں راولپنڈی ‘ جہلم ‘ ننکانہ صاحب ‘ سرگودھا ‘ ویہاری ‘ فیصل آباد ‘ کالا شاہ کاکو اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ کورونا کے دوسرے مشتبہ مریضوں کو بھی ان شہروں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ مہینے لاہور میں منعقدہ اجتماع میں تبلیغی جماعت کے ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی تھی اور بعد ازاں وہ اپنے اپنے شہروں کو چلے گئے تھے ۔ اب ملک بھر میں ان کا پتہ چلاتے ہوئے انہیں قرنطینہ میں رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ صوبہ سندھ میں بھی تبلیغی جماعت کے 50 ارکان کا ٹسٹ پازیٹیو رہا ہے جبکہ خیبر پختونخواہ میں بھی کچھ افراد متاثر پائے گئے ہیں۔ حکومت تمام افراد کے کورونا معائنے کروانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے ۔