کراچی: غزہ کے بچوں کے ساتھ اظہارِ یگانگت کیلئے پاکستانی طلباء نے اتوار کو جنوبی بندرگاہی شہر کراچی کے سی ویو ساحل کا رخ کیا اور سبز، سیاہ اور سرخ رنگ کی پتنگیں اڑا کر فلسطینی بچوں کیلئے اس امید کا اظہار کیا کہ انہیں بھی بلندی کی آزادی ملے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب فلسطینی رمضان کے مقدس مہینے کی تیاری کر رہے تھے۔کراچی میں پتنگ بازی کی تقریب کا انعقاد انصاف و امن فاؤنڈیشن کے خیراتی ادارے نے برطانیہ میں قائم اقدام ’کائٹس اِن سالیڈیرٹی‘ کے تعاون سے کیا تاکہ غزہ کے لوگوں بالخصوص بچوں اور خواتین کی حالتِ زار کو نمایاں کیا جا سکے۔درجنوں پاکستانی طلباء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے فلسطینی بچوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور غزہ کے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔اے لیول کی 17 سالہ طالبہ اور منتظمین میں سے ایک ہانیہ انور شیخ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ہم غزہ کے بچوں، عورتوں اور مردوں کو بھولیں گے نہیں۔ میں امید کرتی ہوں کہ یہ چھوٹا سا اقدام ہمارے ملک ہمارے شہر اور پوری دنیا میں بہت سے دوسرے لوگوں کو متاثر کرے گا کیونکہ ہمیں دنیا اور ایک دوسرے کو یہ یاد دلانے کی ضرورت ہے کہ فلسطین میں کیا ہو رہا ہے۔