لندن 15 جولائی (ایجنسیز) 15 جولائی سے برطانوی حکومت نے ای ویزا کا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد زیادہ تر درخواست دہندگان کو اب اپنے پاسپورٹ پر فزیکل ویزا اسٹیکر لگوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔برطانوی امیگریشن حکام کے مطابق ای ویزا ایک ڈیجیٹل سسٹم ہے جو کسی شخص کے امیگریشن اسٹیٹس، ویزا کی شرائط اور برطانیہ میں قانونی قیام کے حق کو آن لائن ریکارڈ کی صورت میں محفوظ کرتا ہے۔یہ ڈیٹا UK Visas & Immigration (UKVI) کے اکاؤنٹ کے ذریعہ قابل رسائی ہوگا، جہاں درخواست دہندگان اپنا اسٹیٹس چیک کر سکیں گے، اور ضرورت پڑنے پر آجر، ہاؤسنگ ایجنٹ یا دیگر اداروں کے ساتھ اسے محفوظ طریقے سے شیئر بھی کر سکیں گے۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس نئے نظام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم سے ویزا درخواست دینے والوں کی زندگی آسان ہو جائے گی، کیونکہ اب انہیں پاسپورٹ جمع کروانے اور فزیکل دستاویز کے حصول کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔