پاکستانی فضائیہ کا ایک F-16طیارہ گر کر تباہ

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد ۔ 11مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ایئرفورس کا ایک جنگی طیارہ چہارشنبہ کے روز پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں F-16 جیٹ کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم ہلاک ہو گئے ۔ پاکستانی فضائیہ کے ایک ترجمان وسیم احد خان کے نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی فضائیہ نہایت افسوس کے ساتھ اس حادثے کی اطلاع فراہم کرتی ہے کہ اس کا ایک جنگی طیارہ F-16، 23 مارچ کی پریڈ کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ وسیم احد خان نے مزید بتایا کہ طیارہ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد کریش ہو کر اسلام آباد کے جنگلاتی علاقے میں گرا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ F-16 طیارہ اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے علاقے میں گرا۔ ہلاک ہونے والے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم کا تعلق نائن اسکوارڈن سے تھا، جو سرگودھا میں تعینات ہے۔ایک مقامی باشندے شعیب احمد نے خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کو آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں نے اپنے گھر کی چھت سے جس وقت دیکھا، تب یہ طیارہ بہت نچلی سطح پر پرواز کرتے ہوئے کریش ہو کر شکر پڑیاں میں گرا‘‘۔ شعیب کے مطابق ان کے خیال میں پائلٹ کے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ وہ حفاظتی پیرا شوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا سکتا۔ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجکر 55 منٹ پر پیش آیا۔دریں اثناء پولیس اور فوج نے اس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور جائے حادثہ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس واقعے کی اصل وجہ معلوم کرنے کیلئے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔پاکستان میں ہر سال 23 مارچ کو یوم جمہوریہ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ 23 مارچ 1940ء کو قرار داد پاکستان منظور ہوئی تھی، جس کا مقصد اُس وقت برصغیر پر حکمرانی کرنے والے برطانوی سامراجی نظام سے مسلمانوں کو آزاد کروانا اور ان کیلئے ایک خود مختار ریاست کا قیام تھا۔