جموں ۔ 5 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستانی فوج نے ہفتہ کو جموں و کشمیر کے پونچھ ڈسٹرکٹ میں لائن آف کنٹرول پر فارورڈ پوسٹس اور شہری علاقوں میں شلباری کی اور اس طرح متواتر چوتھے دن جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ پاکستانی فوج کی جانب سے 2018 میں جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کرنے کی تعداد سب سے زیادہ 1600 سے زائد تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے جمعہ کو بھی پونچھ سیکٹر میں فوجی چوکیوں اور شہری علاقوں میں فائرنگ کی تھی ۔ انہوں نے مان کوٹ ، کھادی کرمار ، گولپور علاقوں کو نشانہ بنایا جس میں کسی کی ہلاکت یا کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ فائرنگ اور شلباری رات دیر گئے تک جاری رہی ۔ انہوں نے کہا کہ سرحد کی حفاظت کرنے والی ہندوستانی فوج نے اس کا موثر جواب دیا ۔ پاکستانی فوج نے تین دن پہلے بھی پونچھ میں فوجی چوکیوں اور شہری علاقوں میں شلباری کی تھی ۔۔