پاکستانی فوج کی مسلسل تیسرے دن بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی

   

جموں و کشمیر کے اکھنور اور سندر بانی سیکٹرس کے مورچوں پر فائرنگ اور شلباری
جموں 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر جموں و کشمیر کے اکھنور اور سندر بانی سیکٹرس پر لگاتار تیسرے دن آج منگل کو بھی جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی کی اور سرحدی مورچوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پاکستانی فورسیس نے رواں سال کے دوران لائن آف کنٹرول پر 110 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ ’جموں و کشمیر کے اکھنور سیکٹر پر پاکستانی فورسیس کی طرف سے بڑے پیمانے پر فائرنگ اور شلباری کی گئی ہے۔ اس علاقہ میں گزشتہ تین دن سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے‘۔ دفاع کے ترجمان نے کہاکہ رات 10.45 بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اکھنور اور سندربانی سیکٹرس پر مورتار بمباری اور شلباری کی۔ علاوہ ازیں چھوٹے آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کی گئی۔ لائن آف کنٹرول کے قریب ضلع راجوڑی میں پاکستانی فوج نے پیر کو بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید فائرنگ اور بھاری مورتار شلباری کی تھی جس کے نتیجہ میں ایک فوجی جوان ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوگئے تھے۔ ترجمان نے مزید کہاکہ ’اس واقعہ میں رائفل مین کرمجیت سنگھ شدید زخمی ہوگئے تھے اور دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکے‘۔ پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اتوار کے روز بھی اس سیکٹر کو بھاری فائرنگ اور شلباری کا نشانہ بنایا تھا۔