لاہور ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سیکوریٹی ایجنسی نے منگل کے روز دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو صوبہ پنجاب میں ہلاک کردیا جو ایک امریکی شہری ، فوج کے ایک سینئر آفیسر اور پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے اغواء میں ملوث تھے۔ یہ بھی بتایا گیا ہیکہ مہلوک دہشت گرد ایک سینئر انٹلیجنس آفیسر کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ دریں اثناء کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (CTD) صوبہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ منگل کے روز دہشت گرد ایک انٹلیجنس ایجنسی کو نشانہ بنانے والے تھے تاہم سیکوریٹی ایجنسی نے انہیں دہشت گردانہ کارروائی انجام دینے سے قبل ہی ہلاک کردیا۔ پیر کے روز ہی سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع مل گئی تھی کہ کچھ دہشت گرد فیصل آباد میں ایک کرایہ کے مکان میں چھپے ہوئے ہیں۔