پاکستانی لوگ بہت ذہین ہوتے ہیں: ٹرمپ

   

واشنگٹن ۔ 17 مئی (ایجنسیز) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی کی سطح پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ رکوانا ان کی بہت بڑی کامیابی تھی۔ امریکی چینل فوکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے حالیہ لڑاائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈیا دو بڑی نیوکلیر طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک شدید غصہ میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ لڑائی انتہائی شدید مراحل میں داخل ہو رہی تھی اور مزید میزائل استعمال ہوتے۔ ہر فریق دوسرے سے زیادہ مضبوطی کا مظاہرہ کر رہا تھا اور دونوں ممالک نیوکلیر جنگ کے بہت قریب تھے، ایک دوسرے کے لیے نفرت بہت زیادہ تھی۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اس موقع پر میں نے کہا کہ ہم تجارت کی بات کریں گے۔ ہم بہت زیادہ تجارت کریں گے۔ اس بات کو بھولیں نہیں کہ بہت سی وجوہات کی بنیاد پر ایران ہمارے ساتھ ڈیل کرنا چاہتا ہے۔ میں تجارت کا استعمال کرتے ہوئے بدلہ لے رہا ہوں اور امن قائم کرنے کے لیے بھی۔ انٹرویو کے دوران ایک اور موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا انڈیا اور پاکستان کے درمیان نیوکلیر جنگ ہو سکتی تھی یا ہونے کے قریب تھی لیکن تجارت کی بات کر کہ انہوں نے رکوا دی۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے، ہم انہیں نہیں بھول سکتے۔ پاکستان کے ساتھ بھی میں نے تجارت کی بات کی اور وہ تجارت کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ صدر نے کہا کہ پاکستانی انتہائی ذہین لوگ ہیں، بہت اچھی مصنوعات بناتے ہیں اور ہم ان کے ساتھ بہت زیادہ تجارت نہیں کرتے لیکن پھر بھی ہمارا ان کے ساتھ اچھا تعلق ہے۔