اسلام آباد ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پی ایس ایل فائیو میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران کرکٹ کے شوقین پاکستانی نوجوان کو مہندر سنگھ دھونی کی یاد آگئی۔8 مارچ کو پاکستان سوپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا ایک اہم میچ اسلام آباد یونائیٹد اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا گیا تھا۔اس میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی تھی اور اس کیساتھ ہی ملتان سلطانز پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ میچ کے دوران ایک پاکستانی نوجوان کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کے نام کی شرٹ پہن کر آیا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔شہزاد الحسن نامی اس نوجوان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر میچ کے دوران کی اپنی تصویر شیئر کی جس میں نوجوان راولپنڈی کے اسٹیڈیم میں موجود ہے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے رنگ والی شرٹ پہن رکھی ہے مگر اس پر کرکٹر دھونی کا نام درج ہے۔