پاکستانی نژاد قیدی پر سی آئی کے مبینہ تشدد کی مذمت

   

واشنگٹن : فوجی جیوری میں خدمات انجام دینے والے 7 سینئر امریکی افسران نے یکم نومبر کو گوانتانامو بے جیل کے پاکستانی نژاد قیدی ماجد خان پر سی آئی اے کے مبینہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اذیتیں دینے کے ان واقعات کو’’امریکی اخلاقیات کے تانے بانے پر ایک دھبہ‘‘ قرار دیا۔جیوری میں شامل فوجی حکام کی اکثریت نے انہیں معاف کرنے کے لیے ایک خط بھی تحریر کیا ہے، جس میں ماجد خان کے ساتھ ہونے والے سلوک کی مذمت کی گئی ہے اور انہیں معاف کر دینے کو کہا گیا ہے۔ معروف اخبار نیویارک ٹائمز نے یہ خط تفصیل سے شائع کیا ہے۔ماجد خان نے القاعدہ کے لیے کورئیر کے طور پر کام کرنے کا اعتراف کیا تھا اور سن 2003 میں پاکستان میں پکڑے جانے کے بعد سے ہی حراست میں ہیں۔9/11 کے حملوں کے بعد امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے انہیں بیرون ملک نامعلوم مقامات پر قید کر رکھا تھا جہاں انہیں اذیتیں دی گئیں۔