اسلام آباد: ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کے سربراہان کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر ملکی قیادت کو سلامتی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملکی قیادت کو علاقائی سلامتی کی پیش رفت اور ابھرتے ہوئے خطرات سے آگاہ کیا گیا جن میں روایتی فوجی آپشنز، ہائبرڈ وار فیئر حکمت عملی اور دہشت گردی کی بالواسطہ شکل شامل ہیں۔وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ موجود قیادت نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کیلئے قومی نگرانی میں اضافے ، بلا تعطل بین الایجنسی کوآرڈینیشن اور آپریشنل تیاریوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعظم نے قومی مفادات کے تحفظ اور پیچیدہ اور متحرک حالات میں باخبر قومی سلامتی سے متعلق فیصلہ سازی کے قابل بنانے میں ایجنسی کے اہم کردار کو سراہا۔