اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے بات چیت کی اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔پاکستان کے اخبار ڈان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مسٹر خان نے محترمہ حسینہ سے فون پر گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اعتماد اور بھائی چارے کے رشتے کے طور پر برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔مسٹر خان نے اپنی گفتگو میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے کورونا وبا کے خلاف جنگ کے بارے میں بات کی اور بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب میں جان و مال کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے شیخ حسینہ کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔دونوں ممالک کے سربراہوں کے مابین ایک لمبی بات چیت ہوئی۔