پاکستانی وزیر اعظم کی خصوصی مشیر کو ہائی کورٹ سے تحریری معافی مانگنے کی ہدایت

   

اسلام آباد ، 6 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کی خصوصی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو ہتک عزت کے ایک معاملے میں ہفتہ تک عدالت کے سامنے تحریری معافی نامہ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے محترمہ اعوان کے خلاف چل رہے ہتک عزت معاملے کی سماعت کرتے ہوئے یہ ہدایت دی ۔ سماعت کے دوران محترمہ اعوان کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگنے کی پیشکش کی گئی تو چیف جسٹس نے انہیں تحریری جواب پیش کرنے کو کہا ۔ جج من اللہ نے محترمہ اعوان کے وکیل کو ہفتہ تک ان کا تحریری معافی نامہ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ اس معاملے کی ائند ہ سماعت 11 نومبر کو ہوگی ۔محترمہ اعوان نے اپنے وکیل کے ذریعے عدالت سے سماعت کے دوران ذاتی طور پر پیش ہونے میں چھوٹ دینے کی درخواست کی ۔ جج نے محترمہ اعوان کی اس درخواست کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ ان کی عدالت میں پیشی ہو ، یہ ان کے لئے فائدہ مند ہو گا ۔ عدالت نے جمعہ کو ہتک عزت کے ایک دیگر معاملے میں محترمہ اعوان کے خلاف ایک اور وجہ بتاو نوٹس جاری کیا تھا ۔ گزشتہ چہارشنبہ کو اپنی پریس کانفرنس میں عدلیہ کی تنقید کے لئے پہلی مرتبہ محترمہ اعوان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا تھا ۔ گزشتہ جمعہ کی سماعت کے دوران عدالت نے محترمہ اعوان کی معافی قبول کر لی تھی لیکن ایک زیر التواء مجرمانہ کارروائی کے سلسلے میں بیان دینے کے لئے ان کے خلاف عدالت کی توہین کے معاملے میں نیا وجہ بتاو نوٹش جاری کیا گیا ۔