جموں۔کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد سے پاکستان بوکھلایا ہوا ہے۔ وہ مسلسل جوہری حملے کی گیدڑ بھبکی دے رہا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کشمیر کا راگ الاپتے ہوئے جنگ کی دھمکی دی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اگر دنیا نے کشمیر پر ہندستان کے قدم کو روکنے کیلئےکچھ نہیں کیا تو پوری دنیا کو اس کے نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
نیویارک ٹائمس میں ایک مضمون میں جمعرات کو عمران خان نے پھر انتباہ دیا کہ اگر دنیا کشمیر پر ہندستان کے فیصلے کو روکنے کیلئے کچھ نہیں کرتی تو دنیا کو سنگین نتیجے بھگتنے ہوں گے۔
عمران خان نےآگے کہا کہ اگر ہندستان جموں۔کشمیر کا خصوصی درجہ ہٹانے کا فیصلہ پلٹتا ہے، پابندیوں کو ختم کرتا ہے اور اپنی فوج کو واپس بلاتا ہے تبھی اس کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے۔ عمران نے کہا کہ کشمیر پر بات۔چیت میں تمام پارٹیاں خاص طور سے کشمیری شامل ہونے چاہئیں’۔ انہوں نے کہا لیکن بات چیت تبھی شروع ہو سکتی ہے جب ہندستان کشمیر کے غیر قانونی قبضے کو واپس لے۔ کرفیو ہٹائے اور اپنی فوج واپس بلائے۔