کیب ٹاون ۔31 ڈسبمر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 3 جنوری کو کیپ ٹاون میں شروع ہوگا۔ تاہم سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کی ٹیم میں کافی تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں اور اس سلسلہ میں انتظامیہ نے غور وخوض کرنا بھی شروع کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جہاں کچھ کھلاڑیوں پر اخراج کی تلورا لٹک رہی ہے اور ان کو پلیئنگ الیون سے باہر کی راہ دکھائی جاسکتی ہیں وہیں پاکستانی ٹیم کیلئے اچھی بات یہ ہے کہ اہم بولر محمد عباس فٹ ہوگئے ہیں اور دوسرے ٹسٹ میں ان کا کھیلنا تقریبا یقینی مانا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پہلے ٹسٹ میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے اسد شفیق کو دوسرے ٹسٹ سے باہر کا راستہ دکھایا جاسکتا ہے۔اسد شفیق نے پہلے ٹیسٹ کی دو اننگز میں صرف 13 رنز ہی بنائے ہیں۔ان کی جگہ مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر محمد رضوان کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں حارث سہیل بھی دوسرے ٹسٹ سے پہلے فٹ ہوگئے ہیں ۔ ان کی جگہ کیلئے بھی کسی بڑے کھلاڑی کو باہر کی راہ دکھائی جاسکتی ہے۔ خیال رہے کہ سنچورین ٹسٹ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کی ناکامی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد، اظہر علی اور اسد شفیق کو بلاکر انہیں کھری کھری سنائیں اورکہا کہ سینئر جان بوجھ کر آوٹ ہوئے، جس کے بعد سے ہی قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے کہ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی جاسکتی ہے اور کئی سینئرس کو باہر کی راہ بھی دکھائی جاسکتی ہے۔