پاکستانی ٹیم نہ بھیجنے کی بات نہیں کی : پی سی بی

   

لاہور26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر وسیم خان نے وضاحت کی کہ انہوں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ اگر ہندوستان نے ایشیا کپ کیلئے اپنی ٹیم پاکستان روانہ نہیں کی تو پاکستان بھی اپنی ٹیم ہندوستان میں 2021 ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے روانہ نہیں کریگا ۔ وسیم خان نے کہا کہ یہ بات بالکل الگ ہی پس منظر میں پیش کی گئی ہے ۔ حالانکہ ہم اب بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہی ایشیا کپ کا انعقاد عمل میں لایا جائے تاہم ایشین کرکٹ کونسل کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ ہندوستان کے میچس کہاں ہونگے ۔ پہلے یہ اطلاعات گشت کر رہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈ کپ ٹی 20 کا بائیکاٹ کرسکتا ہے جو آئندہ سال ہندوستان میں ہونے والا ہے بشرطیکہ ہندوستان ایشیا کپ کیلئے پاکستان کا سفر نہ کرے۔ وسیم خان نے کہا کہ یہ انتہائی غلط ہے ۔ میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم سکیوریٹی امور کے تعلق سے فکرمند ہیں اور ویزا حاصل کرنے میں بھی مسائل ہوسکتے ہیں ۔ تاہم ہمیں یقین ہے کہ وقت گذرنے کے ساتھ حالات بہتر ہوجائیں گے ۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ پاکستان کے ٹی 20 ٹورنمنٹ سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ یہ آئی سی سی کا ٹورنمنٹ ہے ۔ ہندوستان نے 2018 کا ایشیا کپ متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا تھا جو نیوٹرل مقام تھا اور اب بھی یہ اطلاعات ہیں کہ ہندوستانی ٹیم کو پاکستان سفر کرنے کی اجازت ملنی مشکل ہوگی کیونکہ سکیوریٹی مسائل درپیش ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ اگر ہندوستان کسی نیوٹرل مقام پر کھیلنا چاہے تو ایشین کرکٹ کونسل کو اس معاملہ کا جائزہ لے کر فیصلہ کرنا چاہئے ۔