پاکستانی ٹیم کشتی حادثہ کا جائزہ لینے مراکش روانہ

   

اسلام آباد :پاکستانی حکومت کی اعلیٰ سطح کی ٹیم آج مراکش روانہ ہوگی جو صورتحال کا جائزہ لے گی اور بحر اوقیانوس میں مراکش اور موریطانیہ کے درمیان تارکین وطن کی کشتیوں کے حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کا پتہ لگائے گی۔ رپورٹ کے مطابق جہاز پر سوار 65 پاکستانی تارکین وطن میں سے 44 یا تو ڈوب گئے یا تشدد سے جاں بحق ہوئے جبکہ 10 لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، میڈیا کے مطابق کم از کم 19 افراد زندہ بچے ہیں۔زندہ بچ جانے والے افراد اور لاشیں اس وقت مراکش کے ساحل پر ایک قصبے دخلہ میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مراکش کیلئے حکومتی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اڈیشنل ڈائریکٹر جنرل منیر مارتھ، اڈیشنل سیکریٹری داخلہ سلمان چوہدری اور وزارت خارجہ اور انٹیلی جنس نمائندے شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکام مراکش رباط اور دخلہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ صورتحال کا جائزہ لیں گے اور ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کریں گے جو وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی۔دریں اثنا ایف آئی اے نے تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے میں ملوث ملزمان کے خلاف 3 مقدمات درج کرلیے ہیں ۔