پاکستانی ٹیم 350رنز اسکور کرنے کی اہل:سرفراز

   

لندن۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ورلڈکپ میں ٹیم سے بڑے اسکورز کی امیدیں وابستہ کرلی ہیں اور کہا کہ مجھے یقین ہے کہ باصلاحیت بیٹسمینوں کی موجودگی میں ٹیم 300 سے 350 تک اسکور بنانے کی اہلیت رکھتی ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں متعدد بہترین پلیئرز دستیاب ہیں۔ اوپنر فخر زمان اور امام الحق کی ونڈے میں اوسط شاندار ہے۔ بیٹسمین بابر اعظم ٹیم میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کپتان سرفراز نے کہا کہ بیٹنگ شعبہ میں نچلے نمبروں تک اچھے بیٹسمین موجود ہیں، مڈل آرڈر کے بعد لوور آرڈر میں بھی چند اچھے آل رائونڈرز بھی ہمارے ٹیم میں موجود ہیں۔کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آل رائونڈر عماد وسیم اور شعیب ملک حالیہ عرصے میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ فہیم اشرف بھی جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور ہیں جو ٹیم کیلئے فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔ کپتان سرفراز احمد نے مزید کہا کہ پاور ہٹنگ کے حوالے سے کیمپ کے دوران کافی سخت محنت کی ہے جس کے سبب انہیں یقین ہے کہ تیزی سے رنز بنانا پاکستانی ٹیم کیلئے مسئلہ نہیں بنے گی۔