پاکستانی پنجاب میں سیلاب سے تباہی،56اموات

   

لاکھوں افراد بے گھر، 4100 مواضعات متاثر ، متاثرہ علاقوں میں 425 ریلیف کیمپس

لاہور ۔ 7 ستمبر (ایجنسیز) پاکستان میں بڑے پیمانہ پر سیلاب سے صوبہ پنجاب تباہ ہورہا ہے۔ 25 اضلاع میں 4100 مواضعات متاثر ہوئے ہیں۔ 26 اگست سے کم ازکم 56 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ مقامی میڈیا نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے اعدادوشمار کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔ ڈائرکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کٹہیا نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ سیلاب سے ایک اندازہ کے مطابق 41 لاکھ کی آبادی متاثر ہوئی ہے۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں 425 ریلیف کیمپس قائم اور خیمے نصب کردیئے۔ مقامی میڈیانے یہ اطلاع دی۔ 500 سے زائد میڈیکل کیمپس کام کررہے ہیں جہاں 1 لاکھ 75 ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا۔ ان میں زخمیوں کے علاوہ سیلابی پانی سے پیدا ہونے والے امراض میں مبتلا لوگ شامل ہیں۔بچاؤ ٹیموں نے 2کروڑ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ ایک کروڑ 50 لاکھ مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے۔ قبل ازیں پی ڈی ایم اے نے کہا تھا کہ پنجاب میں جاری سیلاب سے 42 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے راوی‘ ستلج اور چناب کے کنارے واقع 4100 مواضعات زیرآب آگئے۔ ملتان میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے جامع ایکشن پلان بنایا ہے۔ دریائے چناب پر بنے محمدوالا اور شیرشاہ فلڈ بنڈ میں سطح آب گھٹنے لگی ہے۔ عہدیداروں نے خبردار کیا کہ پانی کا نیا بہاؤ دریاؤں کی سطح آب بلند کرسکتا ہے۔ 26 جون کو موسم برسات کے شروع ہونے کے بعد سے موسلادھار بارش اور سیلاب نے پاکستان بھر میں 900 جانیں لی ہیں اور ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (این ڈی ایم اے) نے یہ اعدادوشمار فراہم کئے ہیں۔