اسلام آباد،6ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان جموں و کشمیر سے خصوصی ریاست کا درجہ ہٹائے جانے کے بعد طرح طرح کے طریقے آزما رہا ہے اور اسی ضمن میں پاکستانی ڈاکٹروں کے ایک وفد نے یہاں ہندوستانی ہائی کمیشن سے اپیل کی ہے کہ انہیں انسانیت کی بنیاد پر جموں و کشمیر جانے کی اجازت دی جائے۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یوایچ ایس)کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر اکرم نے بتایا کہ میں نے ہندوستانی ہائی کمیشن میں اقتصادی اور تجارتی سکریٹری آشیش شرما سے ملاقات کر کے انسانیت کی بنیاد پر 21ڈاکٹروں کے ایک وفد کو کشمیر جانے کے لئے ویزا جاری کرنے کی درخواست کی ہے ۔تاکہ وادی میں ایک مہینے سے زیادہ وقت سے لگے کرفیو کی وجہ سے طبی سہولیات سے محروم مسلم،ہندواور سکھ طبقے کے لوگوں کا علاج کیا جائے ۔