دوبئی ۔ /11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فیصلے کی پیروی کرتے ہوئے دیگر عرب ممالک جیسے قطر ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بھی پاکستان کی طبی اہلیت کو غیر مسلمہ قرار دے دیا جس کے بعد پاکستان کے ڈاکٹر سعودی عرب اور دیگر چند عرب ممالک میں طبی خدمات انجام دینے کے اہل نہیں رہیں گے ۔ پاکستان کی ماسٹر آف سرجری اور ڈاکٹر آف میڈیسین کی پوسٹ گرایجویٹ ڈگریوں کو غیر مسلمہ قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان کے سینکڑوں ڈاکٹر خلیجی ممالک میں کام کررہے ہیں بے روزگار ہوجائیں گے ۔ دریں اثناء متعدد ڈاکٹروں گویا ملازمتوں سے برطرف کردیا گیا ہے یا پھر انہیں اپنے وطن واپس جانے کے لئے تیار رہنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ بہت سے ڈاکٹر جو اس فیصلے سے متاثر ہوں گے انہیں سعودی عرب کی وزارت صحت نے کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں انٹرویو لے کر ان کا تقرر کیا تھا ۔ پاکستان کی بیمار معیشت کو قطر اور سعودی عرب کی وزارت صحت سے 3 بلین ڈالر کی اس طرح مدد مل رہی تھی لیکن اس وزارت نے پاکستان کی ایم ایس اور ایم ڈی کی ڈگری کو اس سے متعلق تربیت کی عدم موجودگی کے سبب نااہل قرار دے دیا ہے ۔
