جئے پور 3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری احتجاج کے دوران ایک پاکستانی پناہ گزین ہندو لڑکی تعلیم کے شعبہ میں آگے بڑھنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ یہ لڑکی جودھپور میں مقیم ہے اور وہ بارہویں کا بورڈ امتحان لکھنا چاہتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ راجستھان بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے مبینہ طور پر اس لڑکی کو 12 ویں کا امتحان تحریر کرنے کی اجازت نہیں دی تھی ۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ اس لڑکی نے اپنی 10 ویں کا امتحان پاکستان میں کامیاب کیا تھا ۔ اسے اہلیتی سرٹیفیکٹ فراہم کرنا ہوگا جو اس کے پاس نہیں ہے ۔ یہ مسئلہ راجستھان کے وزیر تعلیم گوند سنگھ دوتاسارا کے علم میں آیا ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اس لڑکی کو امتحان لکھنے کی اجازت دی جائے گی ۔