پاکستان ، دہشت گرد کو ختم کرے : ہند۔ جاپان

   

ہند۔ بحرالکاہل خطہ کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی مسائل پر بھی بات چیت
نئی دہلی ، 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور جاپان نے اپنے پہلے وزرائے خارجہ اور دفاع سطح کے مذاکرات میں آج علاقائی امن اور سلامتی کو پاکستان سے سرگرم دہشت گرد نٹ ورکس سے درپیش خطرے پر سنگین تشویش کا اظہار کیا اور اسلام آباد سے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے ’’ٹھوس اور ناقابل دستبرداری‘‘ کارروائی کرے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے ٹو پلس ٹو ڈائیلاگ کے نئے فریم ورک کے تحت کئی کلیدی مسائل پر غوروخوض کیا، جن میں متنازعہ بحیرہ جنوبی چین، ہند۔ بحرالکاہل خطہ میں اُبھرتی سکیورٹی صورتحال اور ملٹری ہارڈویئر کے مشترکہ فروغ میں باہمی تعاون کو بڑھاوا دینے کی راہیں شامل ہیں۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر امور خارجہ ایس جئے شنکر نے ہندوستانی وفد کی قیادت کی جبکہ جاپانی ٹیم کی سربراہی وزیر خارجہ توشیمتسو موتیگی اور وزیر دفاع تارو کونو نے کی۔ قبل ازیں دن میں دونوں جاپانی وزراء نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔