شکست کے باوجود سبق نہیں سیکھا: فوجی کمانڈر، کارگل وجئے دیوس کے موقع پر سپاہیوں کو صدر جمہوریہ، کووند کا خراج
نئی دہلی/ سرینگر۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ مکمل یا محدود طریقہ پر بھی جنگ کرنے کا اہل نہیں ہے۔ لوک سبھا میں تقریر کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کارگل شہیدوں کو خراج پیش کیا۔ کارگل جنگ کے 20 سال کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سپاہیوں نے دشمن کی طاقتوں کو ادھیر پھینک دیا اور کارگل کی چوٹی پر ہندوستان کا پرچم لہرالیا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں اور شہید سپاہیوں کی قربانیوں کو ہم فراموش نہیں کرسکتے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ بھی ایوان میں موجود تھے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے 1999ء کی کارگل جنگ میں حصہ لینے والے سپاہیوں کو خراج پیش کیا۔ ایوان میں کانگریس لیڈر رنجن چودھری نے کہا کہ کارگل جنگ پر ایوان کے اندر مباحث ہونی چاہئے۔ راجیہ سبھا میں چیرمین ایم وینکیا نائیڈو نے بہادر اور جوشیلے ہندوستانی سپاہیوں کی ستائش کی اور کہا کہ یہ ملک ان کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کرے گا۔ ایسٹرن آرمی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ایم ایم نروانے کہا کہ کارگل میں بدترین شکست کے باوجود پاکستان سبق نہیں سیکھا ہے بلکہ وہ مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج ہمیشہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیارہے۔ہماری کارگل فتح کی سالگرہ پر ہم یہ عہد کرتے ہیں ہم ملک کی سلامتی اور مقتدر اعلی کے لیے خود کو ہمیشہ تیار رکھیں گے۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے سری نگر کا دورہ کرتے ہوئے کارگل وجئے دیوس کے بیسویں سال کے موقع پر سپاہیوں کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے یہاں پر کارگل جنگ کی یادگار پر حاضری دی۔ کشمیر کے ہیڈکوارٹر پر انہوں نے فوجیوں سے خطاب کیا۔ دراس سیکٹر پر ہندوستانی فوج اور پاکستانی فوج کے درمیان ہونے والی باقاعدہ جھڑپوں کا حوالہ دیتے ہوئے فوجی عہدیدار نے کہا کہ اس علاقہ میں گرما کے دو ماہ کے دوران دراندازی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔