پاکستان اب ہوم سیریز کسی تیسرے مقام پر نہیں کھیلے گا: احسان

   

کراچی ۔ 23ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پی سی بی کے چیئر مین احسان مانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اب ہوم سیریز کسی تیسرے مقام پر نہیں کھیلے گا، بنگلہ دیش ثابت کر ے کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے سری لنکن ٹیم کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں دس سال بعد ٹسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی جس سے دنیا میں یہ پیغام گیا ہے کہ اب پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ سری لنکا کا پاکستان آکر ٹسٹ میچ کھیلنا ہماری بڑی کامیابی ہے، راولپنڈی اورکراچی میں ٹسٹ میچ ہونا بہت بڑی تبدیلی اور کامیابی ہے، پاکستانی عوام نے ان میچزکو بھرپور انداز سے حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں ، امید ہے کہ وہ کوئی وجہ نہیں ڈھونڈے گے کہ پاکستان کیوں نہیں جانا، اگر بنگلہ دیش نہیں آئے تو معاملہ آئی سی سی میں بھی جاسکتا ہے لیکن فی الحال بات چیت جاری ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ مزید تبصرہ نہیں کرسکتے ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات میں کسی کی مداخلت شامل نہیں، میرا خود سلیکشن کمیٹی کے معاملات میں عمل دخل نہیں ہے۔ انہوں نے سابق کپتان سرفراز احمد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد فارم میں نہیں تھے، مظاہرہ کرتے ہی سرفراز احمد ٹیم میں واپس آجائے گا۔