پاکستان امریکہ سے تجارتی تعلقات کو نئی سطح پرلیجانے کا خواہاں:وزیر خزانہ

   

واشنگٹن19جولائی (یو این آئی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ، ہم دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔امریکی حکام سے ملاقات پر بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ، امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امریکی سیکرٹری تجارت کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی، امریکی حکام کے ساتھ تجارت، کان کنی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں سرمایہ کاری پربات ہوئی۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کچھ امور پربات چیت ہوناباقی ہے ، امید ہے تجارتی مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے ، بہت جلد پاکستان امریکہ کی قیادت اس کا اعلان کرے گی، پاکستان اور امریکہ تعلقات کو نئی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔