پاکستان اور امارات کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید آل نہیان کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دستخط کی تقریب میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔اسلام آباد میں ہونے والی تقریب کے دوران قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن اور وزارت ثقافت یو اے ای کے درمیان یادداشت اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اور یو اے ای ایوان صنعت و تجارت کے درمیان یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔اس کے علاوہ وزارت امور خارجہ کے درمیان قونصلر امور کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر تعاون اور یو اے ای پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کیلئے تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔قبل ازیں دفتر خارجہ آمد پر یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے کہا کہ پاکستان آ کر خوشی محسوس ہوئی ، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔اس موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور امارات بہت سے منصوبوں پر مشترکہ کام کر رہے ہیں۔